پاکستانی ٹیلی وژن انڈسٹری کے معروف ہدایتکار ذوالفقار شیخ کی پہلی پاکستانی فلم ”سچ“ 20دسمبر کو سنیما گھروں کی زینت بننے کے لئے تیار ہے اور اسی سلسلے فلم کی کاسٹ پاکستان بھر میں اس فلم کی پروموشنز میں مصروف نظر آرہے ہیں۔علیزے پروڈکشنز کے بینر تلے بننےوالی فلم ”سچ “ کے اب تک چار گانے ریلیز کئے جا چکے ہیں جسے ناظرین کی طرف سے بھرپور پذیرائی مل رہی ہے۔ ’سچ‘ کا میوزک انتہائی محسورکن ہے جو معروف میوزک ڈائریکٹر سیماب سین کا تخلیق کردہ ہے۔
حال ہی میں فلم کی کاسٹ نے لاہور کا دورہ کیا جہاں پر انھوں نے مختلف ٹیلی وژن پروگراموں میں شرکت کر کے فلم کی تشہیر کی۔ اس موقع پر پنجاب کے گورنر جناب چوہدری محمد سرور نے فلم کی کاسٹ ‘ ڈائریکٹرذوالفقار شیخ اور پروڈیوسر تسمینہ شیخ کے اعزاز میں پریس کانفرنس کا بھی اہتمام کیا۔ اس موقع پر انھوں نے میڈیا سے گفتگو کر تے ہوئے فلم کی کامیابی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ ذوالفقار شیخ اورتسمینہ شیخ نے اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ فلم انھوں نے بہت محنت اور محبت سے بنائی ہے اور یہ یقینا فلم انڈسٹری کی بقا اور بحالی میں اپنا کردار ادا کرے گی۔
فلم ’سچ‘ کے ٹریلر نے ریلیز کے ساتھ ہی ناظرین کی توجہ حاصل کر لی ہے۔ فلم میں تھرل‘ رومانس اورمرکزی کرداروں کے ٹکراﺅ کا خوبصورت امتراج ہے ۔ جب کہ اس فلم کی خصوصیت اس فلم کی انتہائی جاندار موسیقی اور خوبصورت لوکیشنز ہیں جو فلم کی ریلیز سے قبل ہی دیکھنے اور سننے والوں کو اپنے سحر میں جکڑچکی ہے ۔اس فلم کی کہانی دیگر پاکستانی فلموں سے منفرد ہے نظر آتی ہے جس میں انسانی جذبات و احساسات کو انتہائی خوبی اور باریکی کے ساتھ پیش کیا گیا ہے جو یقینا دنیا بھر کے فلم بینوں کے دلوں کو چھولے گی۔
علیزے پروڈکشنز کے بینر تلے بننے والی اس فلم کی کہانی ایوارڈ یافتہ بالی وڈ اسکرین رائٹر کمڈ چوہدری کی ہے جبکہ ہدایات کاری ذوالفقار شیخ کی ہے ۔ اس فلم کے مکالمے معروف پاکستانی ڈارامہ نگار حسینہ معین کے ہیں جبکہ فلم کے نمایاں کرداروں میں علیزے شیخ ‘ اسد زمان خان‘ ہمایوں اشرف ‘ جاوید شیخ‘ نعمان مسعود‘ عظمی گیلانی‘ فضیلہ قاضی‘ ذوالفقار شیخ‘ تسمینہ شیخ اور دیگر شامل ہیں۔یہ فلم ہم فلمز کے بینر تلے 20دسمبر کو نمائش کیلئے پیش کی جائے گی۔
Comments
Post a Comment